71

حیدر آباد کی سیشن کورٹ کے سامنے 2 بھائی قتل

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں سیشن کورٹ کے سامنے مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پیشی پر آنے والے 2 بھائیوں کو قتل اور ان کے رشتہ دار کو زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق دہرے قتل کا یہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ علاقہ سیری سے تعلق رکھنے والے 2 بھائی علی محمد اور معشوق علی حاجانو آج صبح ایک مقدمے کی سماعت پر پیشی کے لیے سیشن کورٹ کے سامنے پہنچے تو موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی ۔

فائرنگ کے نتیجے میں دونوں بھائی اور ان کا ایک رشتہ دار گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا لیکن اسپتال پہنچنے سے قبل علی محمد اور معشوق علی جانبر نہ ہو سکے،زخمی کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ کینٹ تھانے کے ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ دہرے قتل کا یہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگ رہا ہے، فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں