27

ہانیہ عامر اہل سوڈان کیساتھ کھڑی ہو گئیں

افریقی مسلمان ملک سوڈان میں حالیہ ہونے والے قتل عام پر اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے بین الاقوامی میڈیا کو کوریج دینے کی اپیل کے بعد پاکستانی فلم اور ٹی وی کی اداکارہ ہانیہ عامر بھی وہاں ظلم پر خاموش نہیں رہ سکیں اور اہل سوڈان کے لیے آواز بلند کرنے پر مجبور ہو گئیں۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ سوڈان میں ہونے والے مسلسل ظلم و ناانصافی کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔

ہانیہ عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے تفصیلی پیغام میں لوگوں بالخصوص اپنے پرستاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوڈان کی موجودہ صورت حال اور فسادات کے خلاف آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ سوڈان میں قتل عام جاری ہے، وہاں کے عوام کو مارا پیٹا جا رہا ہے، قتل کیا جارہا ہے اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایک بچے کو متعدد افراد نے ایک مسجد میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، وہاں ہونے والے فسادات میں 52 افراد کو قتل کیا گیا، 700 افراد زخمی ہوئے، درجنوں افراد کی لاشوں کو دریائے نیل میں پھینک دیا گیا۔

ہانیہ نے کہا کہ سوڈان کی فوج نے انٹرنیٹ اور میڈیا کوریج پر پابندی عائد کر رکھی ہے جس کی وجہ سے نہ ہم جان سکتے ہیں کہ وہاں کیا ہو رہا ہے اور نہ ہی وہاں کے عوام کسی کو اپنی مدد کے لیے پکار سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ خدارا یہ مت سوچیں کہ یہ ہمارے لوگ نہیں ہیں، تو ہم کیا کریں، ہم سب انسان ہیں، برے وقت کا پتہ نہیں ہوتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں