کشمیر کے مقدمہ کو ہر فورم پر اٹھانا ہوگا۔بھارت کشمیر میں خون ریزی بند کرے۔ صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم

صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم نے کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت کی پر زور مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی اور بھارت کو کشمیریوں کے خون سے ہولی نہیں کھیلنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ محض بیانات سے کچھ نہیں ہوگا اور ہم سب جماعتوں کو ملکر بحیثیت پاکستانی ملکر آواز بلند کرنا ہوگی تاکہ اقوام متحدہ ،او آئی سی اور دوسری بڑی طاقتوں کو ایک واضح پیغام جائے کہ کشمیری عوام کا حق خود ارادیت دباکر بھارت سر عام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں بد ترین فعل درحقیقت جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے اور بھارت اپنے تمام تر مظالم کے ذریعے بھی کشمیر حاصل نہیں کرسکتاکیونکہ کشمیری عوام کے دل پاکستانی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہر ایک کی زبان پر ایک ہی نعرہ ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔ اعجاز عالم نے کہا ہے کہ اقوام عالم کو ایسی ناقابل برداشت گھناؤنی کارروائیوں کا نوٹس لینا ہوگا تاکہ کشمیری عوام کو بھی بھارتی مظالم سے نجات دلوائی جا سکے اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
*****

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.